20 جون 2015 - 22:21
علاء الدین بروجردی: ایران گروپ 5 + 1 کے ساتھ اچھے سمجھوتے کا خواہاں ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایک اچھے سمجھوتے کا خواہاں ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے ہفتے کے دن تسنیم نیوز کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ ایران کو این پی ٹی معاہدے کی رو سے ہر طرح کی پرامن ایٹمی سرگرمیاں انجام دینے کا حق حاصل ہے اس لئے اس کا یہ حق محفوظ رہنا چاہئے اور اس سے ہٹ کر ہونے والا کوئی بھی سمجھوتہ اچھا نہیں ہوگا-
علاء الدین بروجردی نے برے سمجھوتے کا معیار بیان کرتے ہوئے کہا کہ جس سمجھوتے میں بھی ایران کے ایٹمی حقوق کا تحفظ نہ کیا گیا ہو وہ برا سمجھوتہ ہے- واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ نے بدھ کے دن حکومت کو ایٹمی حقوق کے تحفظ کا پابند بنانے سے متعلق تحریک کو مجلس شورائے اسلامی کی ترجیحات میں شامل کرنے کے حق میں فیصلہ دیا ہے- پارلیمنٹ کے ایک سو پچاسی اراکین نے اس کے حق میں ووٹ دیئے- اس طرح بانوے فیصد ووٹوں کے ساتھ یہ تحریک منظور کرلی گئی-

.......

/169